بھارت میں مہاتما گاندھی کے قتل کی تحقیقات شروع ہونے کا امکان

بھارت میں مہاتما گاندھی کے قتل کی تحقیقات شروع ہونے کا امکان

نئی دہلی:بھارت کے بانی مہاتما گاندھی کے قتل کی تقریبا 70 سال بعد دوبارہ تحقیقات شروع ہونے کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے سینئر وکیل امرندرا شرن کا تقرر کرکے انہیں اس بات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا کہ گاندھی کے قتل کے کیس کو دوبارہ کھولا جائے یا نہیں۔ بھارتی سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ گاندھی قتل کیس تاریخ کا سب سے پراسرار معاملہ تھا جس میں حقائق کو چھپایا گیا، لہذا اس کیس کی دوبارہ تحقیقات کرائی جائیں۔


درخواست گزار اور محقق ڈاکٹر پنکج نے کہا کہ ان کے پاس اس بات کا ثبوت ہے کہ گاندھی کے قتل میں تین افراد ملوث تھے تاہم اس وقت کی بھارتی حکومت نے اس قتل کی صحیح طور پر تحقیقات نہیں کیں۔ ڈاکٹر پنکج نے عدالت سے گزارش کی کہ نتھو رام گوڈسے کا بیان قلمبند کرنے والے تفتیشی پولیس انسپکٹر کی تحریر کردہ دستاویزات کا فارنزک ٹیسٹ کیا جائے۔


سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم سیاسی جذبات کے زیر اثر نہیں آسکتے، اگر آپ مزید تحقیقات کروانا چاہتے ہیں تو اس کیلیے اس شخص کا زندہ ہونا بھی ضروری ہے جس پر دوبارہ مقدمہ چلایا جائے۔