سی پیک معاہدے کا ازسر نوجائزہ لے رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان

سی پیک معاہدے کا ازسر نوجائزہ لے رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان

 کوئٹہ :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک معاہدے کا ازسر نو جائزہ لے رہے ہیں، سی پیک پر بلوچستان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا اور منصوبے میں سے بلوچستان کو اس کا جائز حصہ دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار سیاستدانوں کی وجہ سے ملک کی حالت خراب ہے ،انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان کی کابینہ سے ملاقات میں کہا کہ وفاق بلوچستان کے ساتھ بطور پارٹنر کام کرے گا،اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں قدرتی وسائل استعمال کرکے غربت و پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے جب کہ اراکین بلوچستان اسمبلی مسائل کے حل کیلئے موثر قانون سازی کریں۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور اراکین اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان جسٹس (ریٹائرڈ) امان اللہ خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال نے الگ الگ ملاقات کی،جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور صوبے میں ترقیاتی اور فلاح عامہ کے منصوبوں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پر بلوچستان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا ،ہم کوئی ایسا وعدہ نہیں کریں گے جس پر بعد میں معذرت کرنا پڑے،عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے وفاق بھرپورکردار ادا کرےگا۔

وزیراعظم کا کہناتھاکہ تجربہ کار سیاستدانوں نے ہی ملک پر قرضے چڑھائے، ملک اس وقت مالی مشکلات کاشکار ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم اس مشکل سے جلد چھٹکارا پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور گوادر بندرگاہوں کو فعال کیے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔بلوچستان کی مالی اورمجموعی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ دی جائے، بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے وفاق بھرپور کردار ادا کرےگا۔