چیف جسٹس کی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون کی داد رسی

چیف جسٹس کی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون کی داد رسی
کیپشن: image by facebook

لاہور: تیزاب گردی کی شکار خاتون کی درخواست پر سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیسز کی سماعت کی، انھوں نے تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون کی داد رسی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ڈی آئی جی سے تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کر لی، انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ جلد کی بہترین سرجری کس اسپتال میں ہوتی ہے، انھوں نے متاثرہ خاتون کا بہترین علاج کروانے کا حکم بھی دیا۔

یاد رہے کہ گرین ٹاؤن کی رہائشی نائلہ بی بی کی شادی بہاولپور میں ہوئی تھی، بعد ازاں نائلہ بی بی نے شوہر سے طلاق لے لی جس پر سابق شوہر نے ان کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔

خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تین ہفتے قبل لاہور میں چھ خواتین پر تیزاب پھینکا گیا، گجرات یونی ورسٹی میں تین طالبات تیزاب گردی کا شکار ہوئیں۔

تیزاب گردی کے مختلف واقعات رونما ہو رہے ہیں، فیصل آباد میں شادی سے انکار پر بیوہ خاتون پر تو ایک اور کیس میں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک کر جان سے مار دیا تھا۔