لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار، کئی علاقوں میں بجلی بند

09:36 AM, 6 Oct, 2025

لاہور/کراچی/پشاور: پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم کئی علاقوں میں بجلی کی بندش نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔

لاہور میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ مال روڈ، جیل روڈ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، لکشمی چوک، گڑھی شاہو اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

پنجاب کے دیگر شہروں جیسے ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، پیرمحل، ساہیوال، پاکپتن اور میاں چنوں میں بھی بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب کراچی میں بھی رات گئے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ اورنگی ٹاؤن، سرجانی، بلدیہ، منگھوپیر، نیو کراچی، ناظم آباد، گلشن اقبال اور گلستان جوہر سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے۔ بارش کے ساتھ ہی کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، خاص طور پر شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں