قومی انسدادِ پولیو مہم 13 اکتوبر سے شروع ہوگی، 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

12:38 PM, 6 Oct, 2025

اسلام آباد :  حکومت نے ملک بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم 13 اکتوبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 19 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) کے مطابق، اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پولیو کے خلاف اس اہم مہم میں 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز حصہ لیں گے، جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گے۔ بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے اس دوران انہیں وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔

نیشنل ای او سی کے مطابق، ملک کے مختلف علاقوں میں مہم کے دوران ہدف شدہ بچوں کی تعداد کچھ یوں ہے:

پنجاب: 2 کروڑ 30 لاکھ
سندھ: 1 کروڑ 6 لاکھ
خیبرپختونخوا: 72 لاکھ
بلوچستان: 26 لاکھ
اسلام آباد: 4 لاکھ 60 ہزار
آزاد جموں و کشمیر: 7 لاکھ 60 ہزار
گلگت بلتستان: 2 لاکھ 80 ہزار
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 13 سے 19 اکتوبر تک جاری مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ پولیو ایک خطرناک اور قابلِ تدارک بیماری ہے، جس سے بچوں کو ہمیشہ کے لیے معذوری لاحق ہو سکتی ہے۔

عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پولیو ورکرز سے تعاون کریں اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کا مکمل کورس بروقت مکمل کروائیں تاکہ نہ صرف پولیو بلکہ دیگر مہلک بیماریوں سے بھی بچوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

مزیدخبریں