اسلام آباد : دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اردن کے دارالحکومت عمان میں موجود اپنے سفارت خانے کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی بحفاظت واپسی کے لیے انتھک کوششیں جاری ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اردنی حکومت کے قیمتی تعاون سے امید ہے کہ یہ عمل آئندہ چند روز میں کامیابی سے مکمل ہو جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اردن کی برادر حکومت کے مثالی تعاون اور فراخدلانہ حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنی شہریوں کی حفاظت اور بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان غزہ کی حمایت میں گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل تھے۔ اسرائیلی فورسز نے قافلے پر حملہ کیا اور مشتاق احمد خان سمیت کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔ قافلے میں شامل 170 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ آج مزید 70 افراد بشمول ماحولیاتی کارکن گریٹا تھن برگ کو بھی رہا کیا جائے گا۔ تاہم، مشتاق احمد خان اور دیگر چند افراد اب بھی اسرائیلی حراست میں ہیں۔