لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں پنجاب کابینہ کا 29 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں 171 ایجنڈا نکات پر غور کیا گیا۔ نیو نیوز لاہور کے نمائندہ وقاص غوری کے مطابق اجلاس میں حالیہ سیلاب کو صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے متاثرین کے لیے سب سے بڑا ریسکیو، ریلیف اور امدادی پیکج منظور کر لیا گیا۔
منظور شدہ پیکج کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، مستقل معذوری پر 5 لاکھ روپے اور معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ گھر کے نقصان کی بنیاد پر 1.5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔ مویشیوں کے نقصان اور فصل کی تباہی پر بھی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ امدادی چیک 17 اکتوبر سے تقسیم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں 27 اضلاع کے 4678 مواضعات، 20 لاکھ ایکڑ رقبے اور 47 لاکھ متاثرہ افراد کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ دی گئی۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 26 لاکھ سے زائد افراد اور 21 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
کابینہ نے آبیانہ اور ایگریکلچر انکم ٹیکس معافی، سولر بجلی کی قیمتوں میں کمی، رینٹ اے کار سروس پر ٹیکس، اوورسیز کے لیے MBBS فیس اور دیگر اہم فیصلے بھی کیے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ "کابینہ اور وزراء عوام کے دکھ درد میں شریک ہیں اور سیلاب کے باوجود کم اموات کا کریڈٹ ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔"