عمران ریاض بازیابی کیس، آئندہ دس سے  پندرہ دنوں میں خوشخبری دینگے : آئی جی پنجاب

عمران ریاض بازیابی کیس، آئندہ دس سے  پندرہ دنوں میں خوشخبری دینگے : آئی جی پنجاب
سورس: File

لاہور:  ٹی وی اینکر اور یو ٹیوبر عمران ریاض کی بازیابی کیس کی  لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران آئی جی پنجاب نے کہا کہ آئندہ دس سے پندرہ دنوں مین عمران ریاض کے حوالے سے خوشخبری دیں گے۔ 

لاہور ہائیکورٹ میں عمران ریاض کے والد کی درخواست پر  عمران ریاض کی بازیابی کی سماعت  چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے کی۔ آئی جی پنجاب عثمان انوار  عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ  عمران ریاض کی بازیابی میں کافی مثبت پیش رفت ہوئی ہے، ہم آئندہ دس سے  پندرہ دنوں میں خوشخبری دینگے۔

آئی جی پنجاب نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئےعمران ریاض کو بازیاب کرانے کے لیے مزید مہلت مانگ لی۔

 چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ صرف مزید مہلت مانگی جارہی ہے کوئی پیش رفت بھی ہے کیا؟

آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ آپ ہمیں صرف دس دن کی ہی مہلت عنایت کر دیں ہم خوشخبری ہی سنائیں گے۔ 

عدالت نے آئی جی پنجاب کی عمران ریاض کو بازیاب کرنے کے لیے 13 دنوں کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی پیش رفت بھی ہونی چاہیے ہے۔

وکیل عمران ریاض  نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں آئی جی پنجاب ایک گھنٹہ کی میٹینگ کا وقت دیں۔ جس پر  چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ آئی جی پنجاب آج شام پانچ بجے عمران ریاض کے والد اور لیگل ٹیم سے ملاقات کریں۔

یاد رہے کہ ٹی وی اینکر اور یو ٹیوبر عمران ریاض کو 11 مئی کو پولیس نے گرفتار کیا تھا اور پھر پولیس کے مطابق انھیں 16 مئی کو جیل سے اس یقین دہانی پر رہا کر دیا گیا تھا کہ وہ آئندہ اچھا رویّہ رکھیں گے۔لیکن اس کے بعد سے وہ تاحال لاپتا ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں۔

مصنف کے بارے میں