بیجنگ: پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں چار ارب ڈالر مالیت کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جو دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے بیجنگ میں چینی کاروباری اداروں کے سینئر حکام سے ملاقاتیں کیں، جن کے دوران تقریباً 24 معاہدے طے پائے۔
رانا تنویر حسین نے پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کو ایک تاریخی موقع قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنی زرعی پیداوار کو چین کی وسیع درآمدی منڈی کا حصہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان معاہدوں کے ذریعے جدید زرعی مشینری، اعلیٰ معیار کے بیج اور اسمارٹ ایگریکلچر کے جدید طریقے متعارف کروائے جائیں گے، جس سے زرعی پیداوار میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ تعاون پاکستان کے غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ زرعی برآمدات کو دوگنا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ چین کی 215 ارب ڈالر مالیت کی زرعی درآمدات کی منڈی پاکستان کے لیے بہترین تجارتی مواقع فراہم کرتی ہے اور پاکستان معیاری اور کم قیمت زرعی اجناس فراہم کر کے اس منڈی میں اپنی جگہ بنا سکتا ہے۔