افریقہ: دریائی گھوڑے کا خوفناک حملہ، کشتی دریا برد، 11 لاپتہ

11:12 PM, 6 Sep, 2025

افریقہ: مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خونخوار دریائی گھوڑے نے اچانک ایک مسافر کشتی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی اور اس میں سوار 11 افراد لاپتہ ہو گئے۔

عینی شاہدین اور مقامی حکام کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی معمول کے سفر پر دریا میں محوِ حرکت تھی۔ کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد سوار تھے۔ حملے کے باعث کشتی توازن کھو بیٹھی اور دریا میں الٹ گئی، جس سے مسافر پانی میں بہہ گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو بچا لیا، تاہم 11 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ مقامی غوطہ خور اور سیکیورٹی اہلکار دریا کے گردونواح میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، لیکن دریائی گھوڑوں کی موجودگی اور خراب موسم کے باعث ریسکیو کام میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔

حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام غیر ضروری کشتی سفر عارضی طور پر بند کر دیے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بن گیا ہے، جبکہ ماہرین نے دریاؤں میں موجود خطرناک جنگلی حیات کے حوالے سے مزید احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مزیدخبریں