راولپنڈی :یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر نے جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ولولہ انگیز ملی نغمہ ’’منزل پاکستان‘‘ جاری کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نغمہ قوم کے فولادی عزم، ثابت قدمی اور قومی حوصلے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے، جبکہ اس میں وطنِ عزیز کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
یومِ دفاع و شہداء کی مناسبت سے جاری کیے گئے نغمے میں مسلح افواج اور عوام کے درمیان موجود اٹوٹ رشتے کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
’’منزل پاکستان‘‘ میں ہر شہری کو اپنے عہد پر ثابت قدم رہنے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کو اپنا اولین مقصد بنانے کا پیغام دیا گیا ہے۔
نغمہ مادرِ وطن سے بے لوث محبت، جانثاری، ایثار اور وفاداری کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے اور یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر قومی جذبے کو مزید اجاگر کرتا ہے۔