ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے مقبول رئیلٹی شو ’بگ باس 20‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے، جبکہ شو کے گرینڈ پریمیئر کے لیے ان کا پہلا لک بھی منظرِ عام پر آگیا ہے۔
سیٹ سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں سلمان خان اپنے روایتی دبنگ انداز میں نظر آئے۔ اداکار نے کاؤ بوائے ہیٹ، ہاف جیکٹ، ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی تھی، جس نے ان کی شخصیت کو مزید سٹائلش بنا دیا۔ سلمان خان نے سیٹ پر فوٹوگرافرز کے لیے پوز دیے اور پاپارازی کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بھی ان کا مخصوص دبنگ انداز نمایاں رہا۔
دوسری جانب ’بگ باس 20‘ کے نئے گھر کی جھلکیاں بھی جاری کردی گئی ہیں، جس کا ڈیزائن جدید انداز اور تخیلاتی عناصر کا امتزاج دکھائی دیتا ہے۔ گھر کی سجاوٹ میں مشہور کہانی ’ایلس ان ونڈر لینڈ‘ سے متاثر مختلف ڈیزائنز شامل کیے گئے ہیں۔
نئے گھر میں شارک تھیم والا سوئمنگ پول خاص توجہ حاصل کر رہا ہے، جبکہ ایک بڑی گلابی چائے دانی کو صوفے کی شکل دی گئی ہے۔ اسی طرح گرم ہوا کے غبارے کو بھی منفرد انداز میں بیٹھنے کی جگہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ گھر میں دو خفیہ کمرے بھی بنائے گئے ہیں، جبکہ شرکاء کی سرگرمیوں پر چوبیس گھنٹے نظر رکھنے کے لیے مجموعی طور پر 104 کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس مرتبہ شو میں ٹیلی ویژن اداکاروں، رئیلٹی شوز سے وابستہ شخصیات، سوشل میڈیا کریئیٹرز اور علاقائی شوبز سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم شرکاء کی حتمی فہرست کا باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے۔
ممکنہ شرکاء میں ریئلٹی ٹی وی پرسنالٹی کشال تنور عرف گلو، قاضی توقیر اور ریپر ینگ ڈی ایس اے، جنہیں ’ییڈا ینگ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیلی ویژن اداکارہ ماہی وج، خوشی دوبے اور امان گاندھی کے شو میں شرکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
دیگر زیرِ گردش ناموں میں بھوجپوری اداکارہ امرپالی دوبے، گیتا بسرا، ادیتی سنگھ، اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان، روہید خان، رحیا آہر، لوو گل اور ریتی تیواڑی بھی شامل ہیں۔
’بگ باس 20‘ کا گرینڈ پریمیئر 6 ستمبر 2026 کو ہوگا، جس کے بعد سلمان خان ایک بار پھر شو کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے۔