پی ایس ایل 10: سکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز کی خدمات طلب

10:12 AM, 7 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہونے والے میچز کی سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے یہ منظوری دی، جس کے بعد سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کے دستے مقرر کیے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، پولیس کی معاونت کے لیے ان تینوں شہروں میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی گئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لیے ہر شہر میں رینجرز کے ایک، ایک ونگ اور آرمی کی دو، دو کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

اس درخواست میں کہا گیا کہ پی ایس ایل ایک ہائی پروفائل ایونٹ ہے جس میں بین الاقوامی کرکٹرز اور میچ آفیشلز حصہ لے رہے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں، آفیشلز اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی ضروری ہے۔

اس کے علاوہ، تینوں شہروں میں میچز کے دوران اور ٹیموں کے قیام و سفر کے وقت مکمل سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ اس کے لیے سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ سکیورٹی دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19 مئی تک درکار ہوں گی۔

مزیدخبریں