پی ایس ایل 10 : لاہور قلندرز نے نئی کٹ کی رونمائی کر دی

01:14 PM, 7 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لیے اپنی نئی جرسی کی رونمائی کر دی ہے۔ اتوار کو ٹیم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں کھلاڑیوں نے نئی کٹ زیب تن کر رکھی تھی۔ اس ویڈیو میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، سکندر رضا، فخر زمان اور آصف علی سمیت دیگر کھلاڑیوں کو نئی جرسی میں دکھایا گیا۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 10 کے لیے اپنی ہوم اور اوے جرسی بھی متعارف کرائیں، جو مختلف رنگوں میں ڈیزائن کی گئی ہیں۔ جرسی کے روایتی رنگوں کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم نے اپنے فینز کو ایک نیا انداز پیش کیا۔

اس موقع پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں "قلندرز نائٹ" کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں آفیشل ترانہ لانچ کیا گیا اور کپتان شاہین شاہ آفریدی کی سالگرہ بھی منائی گئی۔ اس تقریب میں معروف گلوکاروں نے پرفارمنس دی اور لیزر شو کا شاندار انتظام کیا گیا، جسے شہر کے لوگوں نے خوب سراہا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں