ممبئی :پاکستان اور بھارت میں طویل عرصے سے مقبول سی آئی ڈی شو کے مداحوں کے لیے ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ شو کے معروف کردار، اے سی پی پردھیومن کی موت کا منظر حالیہ نیٹ فلکس ایڈیشن کے پرومو میں دکھایا گیا، جس سے شائقین میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پرومو میں اے سی پی پردھیومن کا خون سے لت پت ہاتھ دکھایا گیا ہے، جس میں ان کی معروف انگوٹھی بھی شامل ہے۔ انگوٹھی کا تعلق اس مشہور جملے سے ہے جو وہ اکثر کہا کرتے تھے، "کچھ تو گڑ بڑ ہے۔" شو میں انسپکٹر ابھیجیت اور انسپکٹر دیا کو غم میں ڈوبا دکھایا گیا ہے، جو اے سی پی کی موت کی تصدیق کر رہے ہیں۔
سی آئی ڈی کے مداحوں کا کہنا ہے کہ اے سی پی پردھیومن کا کردار ایک مثالی افسر کا تھا، جو ہمیشہ اپنی ٹیم کی رہنمائی کرتا اور کسی بھی پیچیدہ کیس کو حل کرنے میں مدد فراہم کرتا۔ ان کے بغیر شو کی مقبولیت متاثر ہو سکتی ہے۔
اب سی آئی ڈی ٹیم کی قیادت نئے اے سی پی ایوشمان کے ہاتھ میں ہے، جس کا کردار اداکار پارتھ سمتھان نے نبھایا ہے۔ تاہم، پرانے مداحوں کے دل میں یہ سوال ہے کہ کیا شو اپنی پرانی چمک واپس حاصل کر پائے گا؟