اسلام آباد / کراچی / کوئٹہ :ملک کے مختلف حصوں میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے داخل ہوتے ہی موسم کی صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔ جڑواں شہروں اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ کراچی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برس پڑے ہیں۔ تاہم، بلوچستان میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔
قلعہ سیف اللہ اور گردونواح میں شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ صوبائی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو بلا ضرورت سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسلام آباد اور لاہور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، تاہم موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
شہرِ قائد میں گرد آلود ہواؤں کے بعد اچانک بادل برسنے سے حبس کا خاتمہ ہوگیا ہے، مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ طاقتور سلسلہ 10 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بونداباندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کی انٹری: بادلوں کا زور، آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد جاں بحق
10:35 AM, 7 Apr, 2026