اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تعلیم، روزگار اور جدید تکنیکی تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کے دوران کیا۔
رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کو 'پرائم منسٹر یوتھ پروگرام' کے تحت جاری مختلف منصوبوں اور ان پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تکنیکی مہارتیں سکھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے معیار کے مطابق بہترین افرادی قوت کے طور پر متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ وہ بیرونِ ملک بھی پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔
وزیراعظم نے چیئرمین یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری تمام اسکیموں کو شفافیت کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ قوم کے معماروں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بھرپور مواقع میسر آ سکیں۔
نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے لیے تیار کرنا مشن ہے، ملازمت اور تکنیکی تربیت ترجیح رہے گی: وزیراعظم شہباز شریف
01:01 PM, 7 Apr, 2026