وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر کی ملاقات؛ عدالتی نظام میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے تبادلے پر زور

01:29 PM, 7 Apr, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر نے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں بالخصوص قانونی و عدالتی نظام میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات اب ایک مضبوط اور جامع معاشی شراکت داری کی سمت گامزن ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کو عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اپنے تجربات کا تبادلہ کرنا چاہیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر نے پاکستان میں ہونے والی شاندار مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان کے عدالتی و انتظامی ڈھانچے کی تعریف کی۔

مزیدخبریں