اسلام آباد : وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی تمام تر توجہ عام آدمی کو مہنگائی سے بچانے اور معاشی ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 14 مارچ سے اب تک حکومت مختلف مدات میں 129 ارب روپے کی خطیر سبسڈی فراہم کر چکی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ریلیف پیکج کے لیے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خاطر درج ذیل اقدامات کیے گئے ہیں، عوامی ریلیف کی خاطر ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ سے 100 ارب روپے کی کٹوتی کر کے یہ رقم سبسڈی اسکیموں میں منتقل کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی سطح پر سخت کفایت شعاری مہم جاری ہے تاکہ سرکاری اخراجات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ حکومت 'ٹارگٹڈ سبسڈی' کے ذریعے براہِ راست مستحقین تک فائدہ پہنچا رہی ہے۔ چھوٹے کسانوں کی مالی حالت بہتر بنانے اور پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے انہیں خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ دستیاب وسائل کو اس طرح استعمال کیا جائے کہ عام شہری کی زندگی میں آسانی پیدا ہو۔
عوامی ریلیف کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب کی کٹوتی؛ 129 ارب روپے کی سبسڈی دے چکے، وزیرِ خزانہ
02:45 PM, 7 Apr, 2026