اسلام آباد : پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی کی تنصیبات پر ہونے والے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ان حملوں کو خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس ہے اور حکومتِ پاکستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اہم سویلین اور معاشی تنصیبات کو نقصان پہنچانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہِ راست حملہ ہیں۔ ایسی کارروائیوں سے خطے کی کشیدگی میں اضافہ ہوگا، جو امن و استحکام کی کوششوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ترجمان نے برادر ملک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب پر ہونے والے ان نئے حملوں کے بعد خطے کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے اور بحرین، متحدہ عرب امارات (UAE)، کویت اور خود سعودی عرب کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا فوری جواب دیا جا سکے۔
پاکستان کی سعودی عرب پر میزائل و ڈرون حملوں کی شدید مذمت، توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانا اشتعال انگیزی قرار
05:22 PM, 7 Apr, 2026