ایران میں نظام کی تبدیلی کا دعویٰ: "آج رات ایرانی تہذیب ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی"، صدر ٹرمپ کا انتباہ

05:47 PM, 7 Apr, 2026

واشنگٹن / تہران :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے ایک بار پھر انتہائی سخت اور جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں "رجیم چینج" (نظام کی تبدیلی) کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور آج کی رات ایرانی تاریخ اور تہذیب کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگی۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیانات اور میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دینے والی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ   آج رات ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی۔ میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو، لیکن اب اس کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ یہ دنیا کی پیچیدہ ترین تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک بار اگر یہ تہذیب مٹ گئی تو یہ کبھی واپس نہیں آ سکے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ "آج رات کیا ہونے والا ہے، یہ پوری دنیا دیکھ لے گی۔

صدر ٹرمپ نے ایران کے موجودہ نظام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 47 برسوں سے جاری جبر، بدعنوانی اور ہلاکتوں کا سلسلہ بالآخر اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب زیادہ سمجھدار اور کم شدت پسند لوگ سامنے آئے ہیں، جو شاید کسی بڑے انقلابی فیصلے کی طرف پیش قدمی کریں۔

صدر ٹرمپ کے ان بیانات نے عالمی سفارتی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ ماہرین اسے "نفسیاتی جنگ" کا عروج قرار دے رہے ہیں، تاہم "تہذیب مٹانے" جیسی اصطلاحات کے استعمال نے مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر فوجی تصادم کے خدشات کو جنم دے دیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب کا اختتام ان الفاظ پر کیا شاید کوئی بڑا انقلابی فیصلہ ہو جائے، ہم بس چند گھنٹوں کی دوری پر ہیں۔"

مزیدخبریں