اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف سے ترکیہ کے وائس چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونت ارگُن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
خواجہ آصف نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے دفاع، عسکری تربیت اور دفاعی صنعت میں بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا اور کہا کہ اس اشتراک سے نہ صرف دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہو رہی ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد بھی مستحکم ہو رہا ہے۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک-ترکی دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے، تاکہ شراکت داری مزید مضبوط ہو سکے۔