لاہور میں طوفانی بارش: لیسکو کے 80 فیڈرز ٹرپ، وزیراعلیٰ مریم نواز کا انتظامیہ کو 'ہنگامی الرٹ' جاری

06:14 PM, 7 Apr, 2026

لاہور :صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی تیز بارش نے جہاں موسم خوشگوار بنا دیا، وہی شہری انتظامیہ اور لیسکو کے لیے چیلنجز بھی کھڑے کر دیے ہیں۔بارش کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ لیسکو ذرائع کے مطابق     80 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

   کینٹ، گلبرگ، سمن آباد اور شاہدرہ جیسے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔    لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش تھمتے ہی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ ان کی ہدایات  کے مطابق  جدید مشینری کا استعمال کرتے ہوئے سڑکوں اور نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کا جلد از جلد نکاس یقینی بنایا جائے۔

واسا پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیوریج فلیٹ (Sewage Fleet) کا بھرپور استعمال کرے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری نہ ہو۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ  واسا پنجاب کے قیام کے بعد عوام کو حقیقی معنوں میں راحت اور آسانی محسوس ہونی چاہیے۔ انتظامیہ فیلڈ میں نظر آئے اور نکاسِ آب کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

مزیدخبریں