وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد کو ٹیلیفون، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال، ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ

07:35 PM, 7 Apr, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ کی طرح اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ     پاکستان، سعودی عرب کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کی مکمل حمایت کرتا ہے۔    سعودی عرب پر کسی بھی قسم کی آنچ آنے کی صورت میں پاکستان اپنا بھرپور دفاعی اور سفارتی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت کے برادرانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ  سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، جسے پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ ہمارا رشتہ محض سفارتی نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہے۔دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں جاری دشمنی اور کشیدگی کے خاتمے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
 وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کا تحمل کا مظاہرہ کرنا ناگزیر ہے تاکہ معصوم جانوں کا تحفظ کیا جا سکے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہرایا۔

مزیدخبریں