دہشت گردوں کا کڑا جواب دیا جائے گا؛صدر و وزیراعظم کا اعلان

08:18 AM, 7 Aug, 2025

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے مستونگ میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کا جلد خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کا عزم دہرایا۔

صدر نے اس بزدلانہ حملے کو دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے شہداء میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و تحمل کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے مضبوط ستون ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

مزیدخبریں