کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ زون کی فیکٹری میں آگ بے قابو، ہر طرف دھواں ہی دھواں ،فائر بریگیڈ اور واٹر کارپوریشن کا مشترکہ آپریشن جاری

02:49 PM, 7 Aug, 2025

کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں واقع ایک پانچ منزلہ فیکٹری میں لگنے والی شدید آگ تاحال بے قابو ہے۔ فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا ہے، جب کہ آگ بجھانے کے لیے 16 فائر ٹینڈرز اور 2 بوزر مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں۔

آتشزدگی کے باعث فیکٹری کی بعض چھتیں منہدم ہو چکی ہیں، جبکہ دھوئیں کے بادل دور تک دیکھے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے فوری طور پر کراچی واٹر کارپوریشن سے ہنگامی مدد طلب کی۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی ای او کی ہدایت پر شیرپاؤ ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور فوری طور پر متعدد واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں۔

انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ فوکل پرسن ایم ڈی ہائیڈرنٹس سیل خود موقع پر آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے اور واٹر کارپوریشن مکمل تعاون کر رہا ہے۔

ریسکیو آپریشن اس وقت بھی جاری ہے، اور حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے تک پانی کی ترسیل جاری رکھی جائے گی۔

مزیدخبریں