ڈکیتی کے دوران حملہ، یوگنڈا فٹبال ٹیم کے کپتان ڈیوڈ اووری جان کی بازی ہار گئے

02:33 PM, 7 Aug, 2026

کمپالا : یوگنڈا کی قومی فٹبال ٹیم اور معروف کلب ایس سی ولا کے کپتان ڈیوڈ اووری ڈاکوؤں کے مبینہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق 27 سالہ اووری پر دارالحکومت کمپالا کے علاقے ماکنڈیے میں اس وقت حملہ کیا گیا جب نامعلوم افراد نے ان سے موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر حملہ آوروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق شدید زخمی اووری کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز اور بعد ازاں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ڈیوڈ اووری ایس سی ولا کی قیادت بھی کر رہے تھے اور دفاع کے ساتھ ساتھ مڈفیلڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے تھے۔

ایس سی ولا نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین قائد، ساتھی اور دوست قرار دیا، جبکہ یوگنڈا فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ اووری میدان کے اندر اور باہر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک قابلِ تقلید شخصیت تھے۔

مزیدخبریں