راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو کامیاب انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 6 اگست کو جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ موجود دیگر دہشت گردوں کا بھی خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔