لندن : برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے 2029 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی کے حصول کے لیے اپنی حتمی بولی جمع کروا دی ہے۔
یہ درخواست ایتھلیٹک وینچرز کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں یو کے ایتھلیٹکس، لندن میراتھن ایونٹس اور گریٹ رن کمپنی شریک ہیں۔ منصوبے کے تحت مقابلوں کا انعقاد لندن سٹیڈیم میں کیا جائے گا، جو 2012 اولمپکس کا مرکزی مقام رہ چکا ہے۔
منتظمین کے مطابق کامیاب بولی کی صورت میں ایونٹ برطانوی معیشت کے لیے تقریباً 40 کروڑ پاؤنڈ کے معاشی اور سماجی فوائد کا باعث بن سکتا ہے۔
برطانوی حکومت اس بولی کی حمایت کر چکی ہے، جبکہ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ نے بھی لندن سٹیڈیم کی دستیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے میزبان شہر کا اعلان ستمبر میں متوقع ہے۔ یاد رہے کہ لندن اس سے قبل 2017 میں بھی اس عالمی ایونٹ کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے۔