گوگل والٹ کا والدین کے لیے نیا زبردست فیچر متعارف

09:56 PM, 7 Aug, 2026

کیلیفورنیا: گوگل نے امریکا میں کم عمر صارفین کے لیے گوگل والٹ میں ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت والدین 18 سال سے کم عمر اپنے بچوں اور نوعمر افراد کے لیے والٹ میں مخصوص رقم مختص کر سکیں گے۔

اس سہولت کے ذریعے بچے اپنے اینڈرائیڈ فون یا Wear OS اسمارٹ واچ سے گوگل پے کے NFC ٹیپ ٹو پے فیچر کے ذریعے دکانوں پر ادائیگی کر سکیں گے۔ تاہم یہ سہولت صرف فزیکل اسٹورز میں ٹیپ کے ذریعے ادائیگی تک محدود ہوگی اور آن لائن خریداری کے لیے استعمال نہیں کی جا سکے گی۔

نئے نظام کے بعد بچوں کے لیے علیحدہ بینک کارڈ جاری کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ مقررہ رقم سے ہونے والی ادائیگیاں براہ راست گوگل والٹ کے ذریعے کی جا سکیں گی۔

والدین گوگل فیملی لنک کے ذریعے بچوں کے اکاؤنٹ میں موجود رقم اور ان کے اخراجات کی نگرانی بھی کر سکیں گے۔ وہ اپنے اکاؤنٹ سے رقم منتقل کرنے کے علاوہ بچوں کے لیے خرچ کی حد مقرر کر سکیں گے، ہر ٹرانزیکشن کو فوری طور پر دیکھ سکیں گے اور ضرورت کے مطابق بیلنس کو لاک یا دوبارہ فعال کر سکیں گے۔ گوگل کے مطابق مستقبل میں خودکار طور پر رقم منتقل کرنے کے لیے شیڈول بنانے کا آپشن بھی شامل کیا جائے گا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے بچے کی عمر 18 سال سے کم ہونا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ بچے کے پاس Supervised Google Account ہونا چاہیے اور وہ Google Family Group کا رکن بھی ہو۔

ابتدائی طور پر اس سروس کا سیٹ اپ صرف فیملی مینیجر Google Family Link یا Google Wallet کی ویب سائٹ کے ذریعے کر سکے گا۔ بعد ازاں خاندان میں شامل دوسرے والدین کو بھی بچے کے بیلنس کے انتظام کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

گوگل والٹ کی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے بچے کے اینڈرائیڈ فون یا Wear OS اسمارٹ واچ پر Google Wallet ایپ کا موجود ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں