چوہدری پرویز الٰہی کا نگران حکومت کے اقدامات کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ 

چوہدری پرویز الٰہی کا نگران حکومت کے اقدامات کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ 

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نگراں حکومت کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پرویز الٰہی سے محسن مرتضیٰ، حبیب زمان، محمد وسیم اور دیگر پر مشتمل لیگل ٹیم نے ملاقات کی جس دوران نگراں حکومت کے غیر قانونی اقدامات، ترقیاتی پراجیکٹ رکوانے اور سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں کے معاملات پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری اور ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کی مذمت کی گئی جبکہ دوران ملاقات فیصلہ کیا گیا کہ نگراں حکومت کے غیرقانونی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے، نگراں سیٹ اپ انتخاب کو پس پشت ڈال کر انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا عوام الیکشن میں بدلہ لیں گے، عوام ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کاجواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگراں سیٹ اپ آئین اور قانون سے کھیل رہا ہے، انتخاب کیلئے بننے والی نگران حکومت انتخاب سے ہی راہ فرار اختیار کر رہی ہے، نگراں سیٹ اپ جان لے، انتخابات کے علاوہ ان کا کوئی مینڈیٹ نہیں، حکمران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دینے سے خوفزدہ ہیں۔

مصنف کے بارے میں