وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے متاثرین زلزلہ ترکیہ کیلئے اکاؤنٹ قائم کر دیا گیا

وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے متاثرین زلزلہ ترکیہ کیلئے اکاؤنٹ قائم کر دیا گیا

اسلام آباد: وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے متاثرین زلزلہ ترکیہ کیلئے اکاؤنٹ قائم کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آفس آف دی کنٹرول جنرل آف اکاؤنٹس کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ ”جی۔ 12166“ کے قیام سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک ترکیہ میں آنے والے خوفناک زلزلہ کے متاثرین کی امداد کیلئے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ 
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ 
ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہے اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں