لاہور : پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار غیور اختر کو مداحوں سے بچھڑے 11 برس گزر گئے۔ غیور اختر نے اپنے منفرد انداز اور جاندار اداکاری سے شوبز کی دنیا میں اپنا لوہا منوایا اور اپنی فنی زندگی میں کئی یادگار کردار ادا کیے۔
غیور اختر 1946 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔ انہوں نے 1970 میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور پی ٹی وی کے متعدد مشہور ڈراموں میں اپنی پرفارمنس سے کہانیوں کو لازوال بنا دیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں "سوناچاندی" کا کردار خاص طور پر یادگار رہا جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
علاوہ ازیں، "خواجہ اینڈ سن"، "افسر بے کار خاص"، "فری ہٹ" اور "راہیں" جیسے ڈراموں میں ان کے کردار آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ بچوں کے پسندیدہ ڈرامے "عینک والا جن" میں سامری جادوگر کا کردار بھی ان کی فنی کامیابیوں کا حصہ ہے۔
غیور اختر نے چند فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، خاص طور پر فلم "ڈائریکٹ حوالدار" میں جیلر کا کردار آج بھی ان کے مداحوں کو یاد ہے۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں "پرائیڈ آف پرفارمنس" کے اعزاز سے نوازا۔ 7 فروری 2014 کو غیور اختر کی وفات نے شوبز کی دنیا کو غمگین کر دیا، مگر ان کا فن اور کردار ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔