اسلام آباد چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کا ٹھکانا جہنم ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ خودکش حملہ آور افغانستان سے تربیت لے کر آیا تھا، افغان طالبان کی قیادت بتائے کہ یہ سلسلہ کب تک چلے گا۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کا قیام ہی ملک میں امن و امان کی خاطر عمل میں لایا گیا ہے۔ تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام نے پمز اسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی سانحہ ہوا، علما نے ہمیشہ اتحاد دکھایا۔ جو لوگ اللہ کے گھروں کو نشانہ بناتے ہیں، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
چیئرمین علما کونسل نے حملے کے پیچھے بیرونی ہاتھ کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا بھارت معرکہ حق میں اپنی شکست کا بدلہ معصوم شہریوں کی جانیں لے کر لینا چاہتا ہے، کیونکہ اس میں اتنی ہمت نہیں کہ ہماری افواج کا آمنے سامنے مقابلہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کی تربیت افغانستان میں ہوئی؛ افغان قیادت سے سوال ہے کہ یہ سب کب رکے گا؟۔
طاہر اشرفی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "اگر پاکستان اپنے سے 8 گنا بڑے بھارت کو شکست دے سکتا ہے، تو آپ کا معاملہ تو بہت پتلا ہے، ہمیں مجبور نہ کیا جائے۔نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے پیغام دیا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم تنہا ہیں۔ پوری قوم اور علمائے کرام اپنے سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان حملوں کے پیچھے وہ قوتیں ہیں جو اسلام اور پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، مگر وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
بھارت ہمیں میدان میں نہیں ہرا سکتا، علما اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں: طاہر اشرفی
03:42 PM, 7 Feb, 2026