اسلام آباد :عالمی میڈیا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مستحکم ہوتے اشاریوں کو دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑی نوید قرار دے دیا ہے۔ غیر ملکی جریدے عرب نیوز میں شائع ہونے والے ایک خصوصی مضمون کے مطابق، پاکستان اب عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منزل کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کے نتیجے میں افراطِ زر (مہنگائی) کی شرح نمایاں حد تک کم ہو کر 5 فیصد پر آچکی ہے۔ ماہرین کے مطابق شرح سود میں حالیہ کمی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں کاروباری اعتماد بحال ہو چکا ہے اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول انتہائی سازگار ہے۔
مضمون میں پاکستان کی درج ذیل کامیابیوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں آ چکا ہے، جو معاشی توازن کی علامت ہے۔ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کئی برسوں کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔آئی ایم ایف اور عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی اصلاحاتی پیشرفت کی توثیق کر دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام نے روزمرہ زندگی کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس (OICCI) نے بھی اپنے سروے میں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک موزوں اور قابلِ عمل ملک قرار دیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پالیسیوں میں تسلسل نے طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے اعتماد بحال کیا ہے۔ خاص طور پر خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں درج ذیل شعبے پرکشش ثابت ہو سکتے ہیں، 5G ٹیکنالوجی، ڈیٹا سینٹرز، مصنوعی ذہانت (AI)۔
ماہرین کے مطابق، پاکستان کے قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اسے دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کے مقابلے میں نمایاں برتری فراہم کر رہے ہیں، جس کی بدولت پاکستان مستقبل قریب میں خطے کا اہم معاشی کھلاڑی بن کر ابھرے گا۔
پاکستان عالمی سرمایہ کاری کا نیا مرکز بن گیا: غیر ملکی جریدے ’عرب نیوز‘ کی رپورٹ میں انکشاف
04:50 PM, 7 Feb, 2026