کالعدم داعش سےمنسلک اسلام آباد حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے:وزیرداخلہ محسن نقوی

07:53 PM, 7 Feb, 2026

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا اور اس میں ملوث حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ اس حملے نے پوری قوم کو ہِلا کر رکھ دیا، اور ہم شہداء کے لیے دعا گو ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ) نے واقعے سے منسلک تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور یہ کارروائی سی ٹی ڈی اور دیگر ایجنسیوں کے باہمی تعاون سے کی گئی۔ دھماکے کے فوراً بعد پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے گئے ہیں، اور ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی اور دہشت گرد کو وہاں تربیت دی گئی۔

وزیر داخلہ نے اس بات کا انکشاف کیا کہ حملہ آور کو افغانستان میں تربیت دی گئی تھی اور اس کی آمد و رفت کے متعلق بھی ہمارے پاس مکمل معلومات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران خیبر پختونخوا کے ایک اہلکار شہید ہوگئے جبکہ کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

محسن نقوی نے عوام سے درخواست کی کہ چونکہ ہم حالت جنگ میں ہیں، اس لیے کمیونٹی کی انٹیلی جنس بہت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے 21 دہشت گرد تنظیمیں آپریٹ کر رہی ہیں اور یہ دعویٰ کیا کہ ایک دھماکے کے باوجود ہمارے سسٹم نے 99 دھماکوں کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے پولیس کے سسٹم کو مزید اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر داخلہ نے بھارت پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی تمام فنڈنگ بھارت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو دہشت گرد پہلے 500 ڈالر وصول کرتے تھے، اب انہیں 1500 ڈالر دیے جا رہے ہیں۔

 محسن نقوی نے کہا کہ مئی میں پاکستان کی شکست کے بعد بھارت نے دہشت گردی کے لیے اپنے بجٹ کو تین گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ کی جا رہی ہے، اور اگر دہشت گردوں کا بجٹ دس گنا بھی بڑھا دیا جائے، تو ہم اسے روکنے کی پوری کوشش کریں گے۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے اپنی فنڈنگ میں اضافہ کیا ہے، اور اس بار بلوچستان میں جتنے حملے ہوئے ہیں، ان میں دہشت گرد بچ کر نہیں جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی ایل اے (بلوچستان لبریشن آرمی) بھارتی میڈیا کے ساتھ مل کر ویڈیوز بناتی ہے جو بھارتی میڈیا پر نشر کی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں