پارلیمینٹ حملہ کیس، عمران خان کی بریت کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

پارلیمینٹ حملہ کیس، عمران خان کی بریت کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے پارلیمینٹ حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور پرویز خٹک سمیت دیگر کی بریت کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل 9 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن 9 جنوری (بروز پیر) اپیل پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ وفاق نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے عمران خان کی بریت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے، ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں فیصلہ کیا لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ عمران خان کے ارتکاب جرم کے کافی دستاویزی اور ویڈیوز ریکارڈ پر ہیں۔
وفاق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماﺅں کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالت نے عینی شاہدین کے بیانات کو نظرانداز کر کے عمران خان کو بری کیا۔ 
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پبلک پراسیکیوٹرز نے بھی خلاف قانون عمران خان کی بریت کی حمایت کی، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 29 اکتوبر 2020 کو پارلیمنٹ حملہ کیس میں عمران خان ، پرویز خٹک اور دیگر رہنماو¿ں کی بریت کا فیصلہ سنایا تھا۔

مصنف کے بارے میں