وزیر اعظم شہباز شریف کا برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کو ترجیح دینے کا اعلان

07:38 PM, 7 Jan, 2026

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت کو غیر قابل قبول قرار دیا ہے۔

وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ اعظم نے برآمدات خصوصاً زرعی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایات دیں۔

انہوں نے کہا کہ چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایک حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے برآمدات میں اضافے اور ایکسپورٹرز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات پر تیزی سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں برآمدات کے حوالے سے حکومت کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی اور جولائی سے دسمبر 2025 تک کے تجارتی اعداد و شمار پیش کیے گئے۔

علاوہ ازیں، ہائی ویلیو سیکٹرز جیسے کہ انجینئرنگ، ادویات، میڈیکل ڈیوائسز اور پراسیسڈ فوڈ کی برآمدات بڑھانے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملکی برآمدات کو عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور برآمد کنندگان کو سہولت دینے کے لیے پورٹس اور لاجسٹکس کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ چاول کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے کئی ممالک سے حکومت ٹو حکومت معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان م جمیل احمد اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکومتی افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں