مجھے پیغام ملتا رہا کہ آپ کو تو ہم چھوڑیں گے نہیں، مریم نواز

مجھے پیغام ملتا رہا کہ آپ کو تو ہم چھوڑیں گے نہیں، مریم نواز
کیپشن: مجھے مسلسل ایک ہی پیغام ملتا رہا کہ آپ کی سوچ، تقاریر اور بیانات پر سخت اعتراض ہے۔۔۔فائل فوٹو

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب ریفرنس کے دوران مسلسل انہیں پیغام ملتا رہا کہ اپنی سوچ اور باتوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔

مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ 70 سال سے پاکستان کی تقدیر سے خفیہ ہاتھ کھیل رہے ہیں اور ہر معاملے میں مداخلت کرتے ہیں۔ میرے خلاف مقدمے کے پیچھے وہی سوچ کارفرما ہے جو کہتی ہے کہ جو شخص ان خفیہ ہاتھوں کو چیلنج کرے اسے عبرت کا نمونہ بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا اس تمام عرصے کے دوران نواز شریف کو پیغامات ملتے کہ آپ اپنی بیٹی سمیت ملک سے باہر چلے جائیں اور وہیں رہیں۔ اسی طرح مجھے بھی پیغام ملتا رہا کہ آپ کو تو ہم چھوڑیں گے نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے مسلسل ایک ہی پیغام ملتا رہا کہ آپ کی سوچ، تقاریر اور بیانات پر سخت اعتراض ہے جس کی قیمت آپ کو چکانی پڑے گی۔ ان کو یہ بھی لگا کہ میں نواز شریف کو ان کے خلاف بھڑکا رہی ہوں اور مجھ سے نمٹنا زیادہ  مشکل ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں