بیجنگ : چین نے امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملے کو بین الاقوامی امن کے لیے انتہائی خطرناک قدم قرار دیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پیرس میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کسی خود مختار ملک کی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کے تباہ کن نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
وانگ ای نے خبردار کیا کہ اگر ایران میں کوئی جوہری حادثہ پیش آیا تو اس کی قیمت صرف ایران ہی نہیں بلکہ عالمی برادری کو چکانی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے جوہری مسئلے کا مستقل حل صرف اس وقت ممکن ہے جب مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے تنازعے یعنی فلسطین کے مسئلے کو حل کیا جائے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ صرف دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ کے تنازعے کا واحد منصفانہ اور عملی حل ہے، اور عالمی برادری کو اب محض باتوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے امریکہ کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے استعمال سے امن نہیں آتا بلکہ اس سے صرف تصادم اور انتشار بڑھتا ہے، اور عالمی استحکام کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔