وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا محرم الحرام کے دوران مثالی امن و خدمت پر اظہارِ تشکر

12:00 PM, 7 Jul, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی مثالی فضا قائم رکھنے اور عزاداروں کی بھرپور خدمت کرنے پر تمام اداروں، اہلکاروں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سال پنجاب میں محرم الحرام کے دوران جو نظم، امن، اتحاد اور عزاداروں کی خدمت دیکھی گئی، وہ غیر معمولی اور قابل فخر ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر پولیس، ضلعی انتظامیہ، علما، پاک فوج، رینجرز اور تمام سرکاری اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کے وزرا پہلی بار دس دن تک میدان میں موجود رہے اور ہر پہلو پر خود نگرانی کی، یہی وجہ ہے کہ ہر چیز بہتر اور منظم انداز میں انجام دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عزاداروں کیلئے لنگر، پانی، مشروبات، منرل واٹر اور گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے پانی کے چھڑکاؤ کا اہتمام بھی قابل تعریف اقدام تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین ہمیشہ سے امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کی علامت رہی ہے، اور محرم کے دوران جو ماحول دیکھنے میں آیا، وہ اسی روایت کی عکاسی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسے صوبے کی تاریخ کا ایک روشن باب قرار دیا۔

مزیدخبریں