برکس کی حمایت پر 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد ہوگا، صدر ٹرمپ کا سخت اعلان

01:20 PM, 7 Jul, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک برکس (BRICS) کی امریکہ مخالف پالیسیوں کی حمایت کریں گے، ان پر 10 فیصد اضافی درآمدی ٹیکس (ٹیرف) عائد کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس پالیسی میں کسی کو کوئی رعایت یا استثنا نہیں دیا جائے گا۔

یہ بیان صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ امریکہ آج سے مختلف ممالک کو خطوط بھیجے گا، جن میں ہر ملک کے لیے مخصوص ٹیرف شرح اور تجارتی معاہدوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برکس کے رکن ممالک برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک سربراہی اجلاس کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ اجلاس میں امریکہ کی تجارتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی گئی اور انہیں عالمی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔

برکس میں اس وقت 11 ممالک شامل ہیں: برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، ایران، مصر، متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا اور انڈونیشیا۔ یہ گروپ خود کو "عالمی جنوب" کے ممالک کے نمائندہ فورم کے طور پر پیش کرتا ہے، جو سیاسی، سفارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیتا ہے۔

اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں امریکہ کی ٹیرف پالیسی کو "غیر قانونی، من مانی اور عالمی تجارتی اصولوں کے منافی" قرار دیا گیا۔ برکس نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سے عالمی تجارت محدود ہو گی، سپلائی چین متاثر ہو گی، اور دنیا میں معاشی غیر یقینی صورتحال بڑھے گی۔

اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ نے ذاتی طور پر شرکت نہیں کی بلکہ ان کی جگہ وزیراعظم لی کیانگ شریک ہوئے، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے آن لائن شرکت کی۔

برکس رہنماؤں نے اعلامیے میں ایران اور غزہ پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی، اور عالمی امن کے لیے مشترکہ مؤقف اپنانے کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں