راولپنڈی : آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت یا عوامی و عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی کسی بھی بھارتی کوشش کا فوری، شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس مکمل کرنے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت "آپریشن سندور" میں فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اب اپنی اس ناکامی کو چھپانے کے لیے غیر منطقی توجیہات پیش کر رہا ہے، جو اس کی آپریشنل کمزوری اور اسٹریٹیجک دور اندیشی کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے دو طرفہ فوجی تنازعے میں دیگر ممالک کو ملوث کرنے کی کوشش کو "ناقص سیاسی حکمت عملی" قرار دیا اور کہا کہ ایسے بیانات پاکستان کی واضح کامیابی کو تسلیم نہ کرنے کی روایتی ہچکچاہٹ کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ اصولی سفارتکاری، امن، باہمی احتراام اور دیرپا شراکت داری کو ترجیح دی ہے اور خود کو خطے میں "نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر" کے طور پر ثابت کیا ہے۔ اس کے برعکس بھارت کا جارحانہ رویہ اور ہندوتوا نظریہ خطے میں کشیدگی کا سبب بن رہے ہیں، جس سے پڑوسی ممالک بھی نالاں ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ جنگیں صرف فینسی اسلحہ، نعرے بازی یا میڈیا مہمات سے نہیں بلکہ پختہ یقین، ادارہ جاتی مضبوطی، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم سے جیتی جاتی ہیں۔
فیلڈ مارشل نے افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، بے لوث خدمت اور وطن کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور قربانی کے جذبے پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔