کراچی: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں استحکام کے لیے کیپٹل مارکیٹ کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کا اختتام مالیاتی اور تجارتی خسارے کے سرپلس پر ہوا، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال بھی بہتر رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ترسیلات زر 41 سے 42 ارب ڈالر تک موصول ہوئیں، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالر سے زائد رہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بینکاری کا شعبہ معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ حکومت روایتی بینکاری نظام کو جدید ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ بینکنگ اصلاحات کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔