اوٹاوا: کینیڈا نے ایکسپریس انٹری پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد کو مستقل رہائش (پرمننٹ ریزیڈنسی) دینے کے عمل میں مزید ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک میں مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
کینیڈین حکومت کے مطابق کیٹیگری بیسڈ سلیکشن پالیسی کے تحت ایسے امیدواروں کو ترجیحی بنیادوں پر دعوت نامے (Invitations to Apply) جاری کیے جا رہے ہیں جن کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور تجربہ ملکی معیشت اور لیبر مارکیٹ کی موجودہ ضروریات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اہم شعبوں میں افرادی قوت کی کمی دور کرنا، خالی آسامیوں پر موزوں افراد کی تعیناتی کو یقینی بنانا اور اہل امیدواروں کو مستقل رہائش حاصل کرنے کے لیے نسبتاً تیز اور آسان راستہ فراہم کرنا ہے۔
ترجیحی شعبوں میں طبی ماہرین، ڈاکٹرز، نرسز، محققین، سماجی خدمات سے وابستہ پیشہ ور افراد، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے ماہرین، اساتذہ، تعمیرات اور بنیادی ڈھانچے سے وابستہ ہنر مند کارکن، ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد، سپلائی چین اور لاجسٹکس کے ماہرین کے علاوہ کینیڈا میں کام کا تجربہ رکھنے والے سینئر مینیجرز بھی شامل ہیں۔
کینیڈین حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ صوبہ کیوبک سے باہر فرانسیسی زبان بولنے والی آبادی کو فروغ دینے کے لیے فرانسیسی زبان میں مہارت رکھنے والے امیدواروں کو بھی خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق اگر امیدوار اپنی ایکسپریس انٹری پروفائل کو بہتر بنائیں اور ترجیحی کیٹیگریز کی شرائط پوری کریں تو انہیں مستقل رہائش کے لیے دعوت نامہ موصول ہونے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ سکتے ہیں۔