این ڈی ایم اے کا لینڈ سلائیڈنگ الرٹ، پہاڑی علاقوں میں احتیاط کی ہدایت

07:51 PM, 7 Jul, 2026

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر عوام اور متعلقہ اداروں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے 7 سے 9 جولائی تک غیر ضروری سفر سے احتراز کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق حالیہ بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں مٹی کے کٹاؤ کے باعث متعدد مقامات پر پتھروں اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ موجودہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے جاری کردہ پیشگی موسمی پیش گوئی سے مطابقت رکھتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران سکردو اور اس کے نواحی علاقوں، جن میں برومدو نالہ، چمچو، مالوپا، ڈمبوڈاس، ٹورمک اور ہراموش کا علاقہ شامل ہے، میں مقامی سطح پر لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ برساتی نالوں میں شدید بہاؤ، زمینی کٹاؤ، مٹی کے تودوں اور پتھروں کے سرکنے کے باعث پہاڑی شاہراہوں پر سفر خطرناک ہو سکتا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، ممکنہ خطرات کا جائزہ لے رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

ادارے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھیں اور فوری کارروائی کے انتظامات یقینی بنائیں۔

این ڈی ایم اے نے عوام، خصوصاً سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب احتیاط برتیں اور روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کر لیں۔

اتھارٹی نے مستند معلومات، موسمی اپ ڈیٹس اور حفاظتی ہدایات کے حصول کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

مزیدخبریں