گوگل کا اینڈرائیڈ بیک اپ کو اکاؤنٹ اسٹوریج میں شامل کرنے کا فیصلہ

08:08 PM, 7 Jul, 2026

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے اکاؤنٹ اسٹوریج سے متعلق پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا بیک اپ ڈیٹا بھی صارفین کے گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں شمار کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق 7 جولائی سے شروع ہو گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ تبدیلی نئے اینڈرائیڈ صارفین پر نافذ کی جا رہی ہے، جبکہ موجودہ صارفین کو آئندہ چند ماہ کے دوران اس پالیسی کے دائرے میں لایا جائے گا۔

اس سے قبل گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں صرف گوگل فوٹوز کی تصاویر اور ویڈیوز، گوگل ڈرائیو میں محفوظ فائلیں اور جی میل کی ای میلز شامل کی جاتی تھیں، تاہم اب اینڈرائیڈ فونز کا بیک اپ ڈیٹا بھی اسی مجموعی اسٹوریج کا حصہ تصور کیا جائے گا۔

گوگل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ بیک اپ صارفین کے فون کا اہم ڈیٹا محفوظ رکھتا ہے تاکہ فون ری سیٹ ہونے، تبدیل کرنے یا نئی ڈیوائس پر منتقل ہونے کی صورت میں معلومات کو آسانی سے بحال کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ پالیسی میں تبدیلی کا مقصد بیک اپ اسٹوریج کو دیگر گوگل سروسز کے ساتھ یکساں انداز میں منظم کرنا ہے۔ ان کے مطابق اوسطاً ہر صارف کے بیک اپ کے لیے تقریباً 40 ایم بی اسٹوریج درکار ہوگی، جبکہ صارفین کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ کن ایپس اور کس قسم کے ڈیٹا کا بیک اپ محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔

یہ تبدیلی گوگل کی اسٹوریج پالیسی میں حالیہ عرصے کی ایک اور بڑی پیش رفت ہے۔ اس سے قبل مئی 2026 میں کمپنی نے نئے گوگل اکاؤنٹس کے لیے مفت اسٹوریج کی حد 15 جی بی سے کم کرکے 5 جی بی کرنے کی آزمائش بھی شروع کی تھی۔

مزیدخبریں