پی پی پی کے سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی

پی پی پی کے سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی

اسلام آباد:پی ٹی آئی میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بعد گزشتہ روز پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے نتھیا گلی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔

پیپلزپارٹی کے پرانے جیالے نذر محمد گوندل کی عمران خان کے قافلے میں شمولیت کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ پرانی پیپلزپارٹی کے لوگوں سے مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا مطلب جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا ہے، سیاسی مافیا ریاست کے اداروں کو تباہ کررہی ہے ،ہمارا مقصدکرپٹ مافیا سے نجات دلانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ اسٹیٹس کو کے ساتھ رہنا ہےیا تبدیلی چاہتے ہیں، اسٹیٹس کو کی جماعتوں نے ملک کے اداروں کوتباہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نذر گوندل کی فیملی کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں،جب جے آئی ٹی کا فیصلہ ہوا تو ن لیگ کے وزیر خوشی منارہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف ان مافیا کے گاڈ فادر ہیں جو ملک کو لوٹ رہے ہیں،لگ رہا ہے ن لیگ جے آئی ٹی پر حملہ کرے گی، مگر خبردار کر رہا ہوں کہ یہ 1997ء نہیں۔انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں طے کیا کہ کیسز نہیں کھولے جائیں گے، پیش گوئی کررہا ہوں یہ پھنس گئے ہیں، قطری شہزادہ بھی گواہی کیلیے نہیں آرہا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ حسین نواز کی تصویر میں ہے کیا؟ حسین نواز پر سنگین الزامات ہیں، کیا یہ شاہی خاندان ہے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے بہت لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، مگر کارروائی کے ڈر سے آگے نہیں آ رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے یہ فیصلے پر خوشیاں منا رہے تھے اب جے آئی ٹی کو متنازع بنانے رہے ہیں، تبدیلی کبھی بھی نیچے سے اوپر نہیں آتی بلکہ اوپر سے نیچے آتی ہے۔عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو بھی تحریک انصاف میں آرہے ہیں وہ پارٹی کے ویژن کی وجہ سے آرہے ہیں، سندھ میں بہت بڑا خلا ہے، لوگ وہاں تبدیلی چاہتے ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے وال نذر گوندل کا کہنا تھا کہ میرے بھائی ظفر گوندل کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی اور خوشحالی کے لیے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے،چیئرمین عمران خان کی موجودگی میں ایک اہم ترین فیصلہ کرنے جا رہا ہوں۔

نذر گوندل کا مزید کہنا تھا کہ بھاری دل کے ساتھ پیپلز پارٹی کو خیر آباد کہہ رہا ہوں، جب تک عمران خان کے ساتھ رہیں گے ان کے ہر فیصلے پر لبیک کہیں گے۔پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نذر محمد گوندل کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہیں، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جواسٹیٹس کو کے خلاف ہے، امید ہے ہم اکٹھے مل کر ایک نیا پاکستان بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.