گھوٹکی کے قریب دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، خوفناک حادثے میں 40 مسافر جاں بحق

Two trains collided near Ghotki, killing 30 passengers
کیپشن: فائل فوٹو

گھوٹکی: صوبہ سندھ کے علاقے گھوٹکی کے قریب دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ٹرینیں ٹکرانے سے کم از کم40مسافر جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار، ہیوی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو نکالنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کے مطابق یہ خوفناک حادثہ ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے آپس میں ٹکرانے سے پیش آیا۔

ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر دوسرے ٹریک پر جا گریں۔ مخالف سمت سے آنے والی سر سید ایکسپریس پٹڑی پر گری بوگیوں سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 40 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔

ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ سرسید ایکسپریس لاہور سے کراچی جا رہی تھی۔ حادثے کے بعد دیگر ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گھوٹکی میں ٹرین حادثے کی جگہ پر ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔ آرمی اور رینجرز کے جوان حادثے کی جگہ پر ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں۔ ملٹری ڈاکٹرز، عملہ جائے حادثہ پر ایمبولینسوں کے ساتھ پہنچ گئے ہیں۔

پاک فوج کے ڈاکٹرز اور عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔ آرمی انجینئرز کی خصوصی ٹیم راولپنڈی سے روانہ ہو گئی۔ آرمی انجینئرز کی خصوصی ٹیم ریسکیوآپریشن مزید تیز کرے گی۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ موجودہ حکومت میں ٹرین کے کئی حادثات میں اب تک سیکڑوں قیمتی جانیں جا چکی ہیں۔ 16 ستمبر 2018ء کو کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین خوشحال خان ایکسپریس میانوالی کے قریب حادثے کا شکار ہوئی جس میں 20 افراد زخمی ہوئے۔

16 اکتوبر 2018ء کو کندھ کوٹ میں رکشہ ٹرین کی زد میں آنے سے خواتین سمیت 17 افراد جاں بحق ہوئے۔

24 دسمبر 2018ء کو فیصل آباد میں شالیمار ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے تصادم میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے۔

17 مارچ 2019ء کو ڈیرہ مراد جمالی ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 7 بوگیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

20 جون کو حیدر آباد سٹیشن کے قریب جناح ایکسپریس ٹرین مال بردار ریل گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور جاں بحق ہو گئے۔

11 جولائی 2019ء کو کراچی سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس صادق آباد پر پارسل ایکسپریس سے ٹکرا گئی 21 افراد جاں بحق ہوئے۔

31 اکتوبر 2019ء کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی چلتی ٹرین میں آگ لگنے سے 75 افراد جاں بحق ہوئے۔

28 فروری 2020ء کو روہڑی ٹرین اور کوچ میں تصادم 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے جو کہ کراچی سے سرگودھا جانے والی کوچ پھاٹک کھلا ہونے کے باعث پاکستان ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔

جولائی 03 2020ء کو کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس شیخوپورہ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ مسافروں سے بھری ویگن ٹرین سے ٹکرانے کے نتیجے میں 19 سکھ یاتری ہلاک ہوئے۔