عمران خان نے مہنگائی کرکے اپنے سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچایا: بلاول بھٹو

عمران خان نے مہنگائی کرکے اپنے سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچایا: بلاول بھٹو
سورس: file

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مہنگائی کرکے اپنے سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچایا۔ ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنا ہے تو آئندہ عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا۔ 

اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعوی کیا اور اقتدار میں آکر عام آدمی سے روزگار چھین لیا، عمران خان نے پاکستان کے 20 کروڑ عوام کو مہنگائی کے حوالے کرکے اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کے لئے معاشی پالیسیاں بنائیں۔

بلاول بھٹو  نے کہا کہ پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں امیر، امیر سے امیرتر اور غریب، غریب سے غریب تر ہورہے ہیں، عمران خان کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کا متوسط طبقہ بھی غربت کا شکار ہوچکا ہے، اگر ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنا ہے تو آئندہ عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 90 روز میں تبدیلی کا وعدہ کرنے والے عمران خان کا اب اگلی حکومت بنا کر ملکی مسائل حل کرنے کا اعلان قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے، عمران خان کے معاشی ترقی کے بڑے بڑے دعوے زمین بوس ہوچکے، عوام اب کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں نے ہمیشہ ملک میں عام آدمی کی زندگی کو بہتر کیا، جب تک عوام کے پاس روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار نہیں ہوگا تو معاشی ترقی کا کوئی دعوی سچ نہیں ہوسکتا۔